کراچی کی معروف پاور کمپنی کے الیکٹرک نے اپنے اعلیٰ انتظامی عہدوں میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سید طحہٰ کو نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کیا اور اسٹاک ایکسچینج کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق سید طحہٰ 15 اپریل 2026 سے کمپنی کی سربراہی سنبھالیں گے اور عبوری طور پر خدمات انجام دینے والے ادیب احمد کی جگہ لیں گے۔
سید طحہٰ انجینئرنگ میں ڈگری یافتہ ہیں اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے فنانس میں ایم بی اے کر چکے ہیں۔ وہ فروری 2020 سے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ میں منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
سید طحہٰ کے پیشہ ورانہ کیریئر میں کئی اہم ادارے شامل ہیں۔ وہ پہلے اوئسس انرجی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں جہاں انہوں نے نائجیریا کی پورٹ ہارکورٹ الیکٹرک ڈسٹری بیوشن کمپنی کے پروگرام مینجمنٹ آفس کی قیادت کی۔ اس سے قبل وہ کے الیکٹرک میں چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کے کیریئر میں شیل پاکستان، کیلٹیکس پاکستان (اے شیورون کمپنی) اور اسٹیل انڈسٹری میں کام کا تجربہ بھی شامل ہے۔
سید طحہٰ کی تقرری کے الیکٹرک میں حالیہ قیادت کی تبدیلیوں کے دوران ہوئی ہے جب مونس علوی نے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس کے بعد ادیب احمد عبوری طور پر کمپنی کے سربراہ مقرر کیے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








