حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی، پی ٹی آئی نے سڑکوں پر آنے کی تیاری تیز کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

پی ٹی آئی
(فوٹو: آن لائن)

رمضان المبارک اور عید کے طویل وقفے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے موجودہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے اور قیادت کے مطابق کسی بھی وقت اسٹریٹ موومنٹ عملی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

پارٹی کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر ملک گیر مہم کا آغاز کر رکھا ہے، جس کے تحت کارکنوں کو متحرک کرنے اور تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ احتجاج کی کال ملتے ہی فوری ردعمل دیا جا سکے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ کے مطابق سہیل آفریدی رمضان اور عید کے بعد دوبارہ اسٹریٹ مہم کی تیاری میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں بلوچستان کا دورہ بھی کیا گیا، جبکہ اس سے قبل خیبرپختونخوا، لاہور اور سندھ میں بھی کارکنوں سے رابطے کیے گئے۔

سیکریٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ کے بقول وزیراعلیٰ چاروں صوبوں کا دورہ مکمل کر چکے ہیں اور آئندہ آزاد کشمیر جانے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں، جس کا مقصد کارکنوں کو کسی بھی ممکنہ احتجاجی کال کے لیے تیار رکھنا ہے۔

پارٹی کے ایک سینیئر رہنما کے مطابق سہیل آفریدی اس وقت عملی طور پر قیادت سنبھالے ہوئے ہیں اور مزاحمتی سیاست کے تحت احتجاج اور دھرنوں کی تیاری پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے اراکین اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ کارکنوں سے رابطہ مضبوط رکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متحرک کیا جائے۔

حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ اندرونی اختلافات اور عمران خان رہائی فورس کے معاملے پر اختلاف رائے کے باوجود مہم جاری ہے، جبکہ پارٹی نے باضابطہ احتجاجی تیاری کی تصدیق نہیں کی اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ کال ملتے ہی کارکن سڑکوں پر نکلیں گے۔

Related Posts