پاکستانی خاندانوں میں افغانوں کو شامل کرکے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

گرفتار
(فوٹو: آن لائن)

بنوں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی خاندانوں میں افغان مہاجرین کو شامل کرکے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے جعلی شناختی کارڈ بنانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا جبکہ یہ کارروائی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی مصدقہ اطلاع پر ہوئی۔ کارروائی میں ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او سٹی ریاض خان نے حصہ لیا اور پولیس ٹیم نے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل، بادشاہ اور افغان شہری نقیب شاہ کے ناموں سے ہوئی اور تینوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ افغان شہری افغانستان کے صوبہ خوست کا شہری ہے جو چمن بارڈر سے دراندازی کے بعد بنوں تک چھپتے چھپتے پہنچا تھا۔

بیان کے مطابق گرفتار افغان شہری نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے والد نے گروہ کے مفرور ارکان مامور سکنہ کوئٹہ اور زین اللہ سکنہ میرانشاہ سے 28 لاکھ روپے میں پاکستانی شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کا سودا کیا، ملزمان نے افغانوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کروانے کا بھی اعتراف کرلیا۔

پاکستانی خاندان میں ہر افغان باشندے کی شمولیت پر متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کیا جاتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts