ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ملزمان نے تیتر چھیننے کی کوشش میں مزاحمت پر بزرگ شہری کو اینٹیں مار مار کر قتل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر بزرگ کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن ماجدہ ہالیپوٹو کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے تیتر، پنجرا اور اینٹ برآمد کرلی گئی ہے۔
ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے تھے، تاہم شرافی گوٹھ انوسٹی گیشن ٹیم نے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف اور امام بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے بزرگ شہری سے 2 تیتر چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر اینٹ کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔ مقتول کی شناخت نواز علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر اینٹ اور مقتول سے چھینے گئے تیتر اور پنجرے کو برآمد کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سکھر میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس مقابلے میں 1 ملزم ہلاک ہوگیا تھا۔
گزشتہ برس دسمبر کے دوران یہ افسوسناک واقعہ روہڑی کے قریب پیش آیا جہاں ملزمان مبینہ طور پر بھینس چرانے کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے۔ اس دوران اہل خانہ نے مزاحمت کی۔ ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کرکے 2 افراد کی جان لے لی جبکہ 1 شخص زخمی ہوگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








