ایران: نئے حملوں میں 11شہری شہید، 2 جاسوس گرفتار، امریکی ڈرون مارگرانے کا دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: آن لائن)

تہران: ایران میں نئے حملوں کے نتیجے میں 11 شہری شہید ہوگئے، سکیورٹی و فوجی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کے بعد مختلف شہروں میں گرفتاریوں کی اطلاعات سامنے آئیں، 2 جاسوسوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایرانی قیادت نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فضائی دراعی نظام نے اصفہان کے قریب امریکی کیو 9 ریپر ڈرون مار گرایا جسے ایران نے دشمن فوج کا ڈرون قرار دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منگل کے روز ہوئی جس کے بعد تباہ کیے گئے ڈرونز کی تعداد 146ہوگئی۔

شمال مٖغربی ایران میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر ملک کے حساس مقامات کی اطلاعات امریکی و اسرائیلی خفیہ اداروں کو فراہم کر رہے تھے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کرپٹو کرنسی کے ذریعے رقم دی جاتی تھی، گرفتاریاں مشرقی آذربائیجان میں عمل میں لائی گئیں۔

گزشتہ شب ایرانی شہر محلات میں ایک حملے کے دوران 11 افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق میزائل حملوں کے ذریعے 3 رہائشی یونٹس کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

الجزیرہ کے مطابق ایران کے ایک پارلیمانی کمیشن نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خارگ جزیرے میں تیل کے کنوووں اور پاور پلانٹس کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

گزشتہ ماہ 28فروری سے جاری حملوں کے دوران ایران کے انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ الجزیرہ کا کہنا ہے کہ تہران اور اصفہان میں امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دھماکے سنے گئے ہیں۔ ایرانی قیادت کا ماننا ہے کہ امریکا جنگ بندی یا مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں، اسی لیے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جارہا ہے۔

Related Posts