انڈونیشیا میں 7.8 شدت کا زلزلہ، کیا زمین پھٹنے کی ویڈیو اصلی ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

انڈونیشیا
(فوٹو: آن لائن)

انڈونیشیا کے سمندری علاقے میں صبح کے وقت آنے والے 7.8شدت کے زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے بعد سونامی الرٹ جاری کردیا گیا، جبکہ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دکھایا گیا کہ زمین پھٹ گئی اور عوام کی بڑی تعداد خوف و ہراس کے باعث جان بچانے کیلئے بھاگ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ زلزلہ انڈونیشیا کے سمندری علاقے مولوکا میں جمعرات کی صبح آیا۔ علاقے کے قریبی ممالک کیلئے سونامی الرٹ جاری کیا گیا جبکہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 48 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کا مرکز زیر زمین 10کلومیٹر کی گہرائی میں متاثرہ علاقے سے 120 کلومیٹر دور تھا۔

پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد 1ہزار کلومیٹر تک ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی آنے کا خدشہ ہے، جس میں انڈونیشیا کے علاوہ فلپائن اور ملائشیا کے ساحل بھی خطرے کی زد پر ہیں۔ ساحلی علاقوں کے افراد کو ممکنہ ایمرجنسی کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متاثرہ علاقے کے قریبی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ رنگ آف فائر پر واقع ہونے کے باعث انڈونیشیا میں زلزلے آنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور آتش فشاں بھی پھٹتے رہتے ہیں تاہم 7.8شدت کا زلزلہ آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں مختلف افراد بھاگتے ہوئے نظر آئے۔

تاہم تحقیق اور خود ویڈیو کو دیکھنے سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ممکنہ طور پر متعدد افراد زلزلے کے جھٹکوں کے باعث خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور ویڈیو میں زمین پر پڑنے والی دراڑ کو حقیقت مان بھی لیا جائے تو زلزلے کے دوران بھاگتے ہوئے افراد کا رویہ اور رفتار دونوں ہی ویڈیو کے حقیقی ہونے کے خلاف ہیں۔

عموماً زلزلے کے دوران عوام کی بڑی تعداد جان بچانے کیلئے بھاگتی ہے، تاہم دلچسپ طور پر اس ویڈیو میں نظر آنے والے افراد بھاگ تو رہے ہیں، لیکن ان کی رفتار بہت سست نظر آتی ہے اور بعض افراد تو بھاگتے ہوئے بھی دراڑ کا خیال نہیں کررہے جن کا ایک پاؤں زلزلے سے پیدا ہونے والی دراڑ کے ایک جانب تو دوسرا  دوسری جانب ہے۔

اس کے علاوہ بھی ویڈیو میں دیگر تضادات موجود ہیں اور جس قسم کے افراد نظر آرہے ہیں، وہ انڈونیشیا کے مقامی افراد بھی نہیں لگتے۔ اس لیے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد کا بھی ماننا ہے کہ ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو ہے جسے انڈونیشیا کے حقیقی زلزلے سے منسوب کردیا گیا۔

Related Posts