ایران جنگ سوئی سدرن گیس کمپنی پر بھی اثر انداز ہونے لگی، صارفین کو روزانہ 24گھنٹوں میں سے صرف 11 گھنٹے گیس فراہمی کا فیصلہ کرلیا گیا، گیس فراہمی کے اوقات کار خاموشی سے تبدیل کردئیے گئے ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آرایل این جی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے ایس ایس جی سی کےسسٹم میں گیس کی قلت ہوئی جس کے باعث کراچی میں گیس فراہمی کے اوقات بدلے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ہر روز 24گھنٹے میں سے 13 گھنٹے گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی کے صارفین کو صبح 6 سے 10 بجے اور دوپہر 12 سے 3 بجے تک گیس ملے گی، صارفین کو شام 6 سے رات 10 بجے تک بھی گیس فراہم کی جائے گی۔
تاہم رات 10 سے صبح 6 بجے، 10 بجے سے 12 بجے، اور دوپہر 3 بجے سے 6 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت کراچی کے صارفین کو گیس فراہمی روزانہ کی بنیاد پر 13 گھنٹوں کیلئے معطل رہے گی۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس وقت کراچی میں گیس کی یومیہ ضرورت 1100 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد ہے، تاہم ان دنوں صرف 800 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ مختلف گھروں میں کھانے کے اوقاتِ کار ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








