پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے تھانے پر بارود سے بھری گاڑی سے خودکش حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ بزدلانہ خودکش حملہ بنوں کے ڈومیل پولیس اسٹیشن پر کیا گیا، جہاں ایک دہشت گرد نے پولیس اسٹیشن سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔ تھانے کے مرکزی گیٹ سے بارودی گاڑی ٹکرا جانے کے باعث زوردار دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے باعث 5افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوئے۔ آر پی او سجاد خان کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس اسٹیشن کے علاوہ قریبی رہائشی مکانات بھی متأثر ہوئے۔ جاں حق افراد میں 3 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے منظم منصوبہ بندی کے ساتھ پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا جس میں مزید دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے امکانات رد نہیں کیے جاسکتے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








