محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک اور بارش کے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 6 اپریل کو شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے کیونکہ ایک نیا مغربی سلسلہ (ویسٹرلی سسٹم) خطے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
حکام کے مطابق 5 اپریل کو مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا جو اگلے روز سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا باعث بنے گا۔ کراچی جو اس ہفتے کے آغاز میں ریکارڈ توڑ بارشوں سے متاثر ہو چکا ہے ایک بار پھر بارش کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارشیں گزشتہ جمعرات کی تاریخی بارش کے مقابلے میں کم شدت کی ہوں گی۔
یاد رہے کہ اس روز شہر میں ایک ہی دن میں 38.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جو اپریل 1985 میں قائم 37 ملی میٹر کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔ اس شدید بارش کے باعث شہر کے بڑے تھوک اور تجارتی مراکز زیرِ آب آ گئے تھے جس سے تاجروں کو 4 سے 5 ارب روپے تک کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ متعدد قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔
ایک اور بارش کے امکان کے پیش نظر شہری انتظامیہ پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور ہنگامی اقدامات کو مؤثر بنایا جائے۔ تاجروں کی تنظیموں نے فوری حکومتی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارش کا مختصر دورانیہ بھی شہر کی تجارتی سرگرمیوں کو شدید اور ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








