موسیٰ خیل: آسمانی بجلی گرنے سے 65دنبے ہلاک، گلہ بان غم سے نڈھال

تازہ ترین

تازہ ترین

آسمانی بجلی
(فوٹو: اے آر وائی)

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 65دنبے ہلاک ہوگئے، جس پر متأثرہ گلہ بان غم سے نڈھال ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے دل دہلا دینے والے واقعے میں 65 دنبے آناً فاناً ہلاک ہوگئے، جس کے نتیجے میں متأثرہ شخص کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، جس کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی نے میرا سب کچھ ختم کردیا، یہی میری کل کائنات تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ موسیٰ خیل کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ موسلا دھار بارش کے دوران اچانک آسمان سے گرنے والی بجلی نے 65 دنبوں کی جان لے لی جبکہ 15دنبے شدید زخمی ہوگئے ہیں، جس پر متأثرہ گلہ بان کو صدمہ لاحق ہوگیا۔

اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متأثرہ گلہ بان رو پڑا اور کہا کہ آسمانی بجلی گرنے سے میرا سب کچھ تباہ ہوگیا، اب میں بالکل بے سہارا ہوگیا ہوں۔ گلہ بان اور علاقہ مکینوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے متأثرہ شخص کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Posts