پوری دنیا حیران رہ گئی! پاکستانی اسنو بورڈر ثمر خان نے آرکٹک فتح کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستانی اسنو بورڈر ثمر خان نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فیال ریون پولر 2026 مہم کامیابی سے مکمل کرلی جو آرکٹک کے برفانی میدانوں میں 300 کلومیٹر پر مشتمل ایک نہایت دشوار ڈاگ سلیج مہم ہے۔

ثمر خان نے اس اہم سنگِ میل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سفر محض ایک جسمانی آزمائش نہیں تھا بلکہ اس نے انہیں شدید تھکن، شکوک اور اپنی ان حدود سے بھی روشناس کروایا جن کا انہیں پہلے اندازہ نہیں تھا۔

انہوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ برفانی ویرانے میں گزرا وقت انتہائی کٹھن تھا، جہاں آرکٹک کی خاموشی نے انہیں نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور کیا بلکہ اپنے اندر کے حوصلے اور یقین کو بھی پہچاننے کا موقع دیا۔

ثمر خان نے اس مہم کو حوصلے، ہمت اور عزم کا ایک بڑا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف سفر کے اختتام کا نام نہیں بلکہ اس طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے جو روانگی سے بہت پہلے شروع ہو چکی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ویزا سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے ان کے منصوبے کو تقریباً سبوتاژ کر دیا تھا کیونکہ انہیں روانگی سے صرف ایک دن قبل پاسپورٹ پر ویزا موصول ہوا تاہم تمام رکاوٹوں کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے عزم کے ساتھ مہم مکمل کی۔

اس کامیابی کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے ثمر خان نے کہا کہ یہ اعزاز جتنا ان کا ہے اتنا ہی پاکستان کا بھی ہے۔

آخر میں انہوں نے اس سفر کو ممکن بنانے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور ایک حوصلہ افزا پیغام دیا کہ حدود کو توڑنے اور آگے بڑھنے کے لیے ہی چیلنج کیا جاتا ہے۔

Related Posts