لکی مروت: پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، اے ایس آئی سمیت 5اہلکار زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

دھماکہ
(فوٹو: آن لائن)

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 5پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس موبائل کے قریب دھماکہ لکی مروت کے شہباز خیل اڈہ پر ہوا جس کے نتیجے میں 5پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک اے ایس آئی بھی شامل ہے۔ زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور متأثرہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کا ضلع لکی مروت ماضی میں بھی دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے جہاں پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور دھماکوں سمیت دیگر تخریبی سرگرمیوں کی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔

اس سے قبل ایک اور دہشت گرد حملے کے نتیجے میں ضلع لکی مروت میں پولیس کی گاڑی دھماکے سے تباہ ہوگئی، خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت پولیس کے 6اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

مارچ کے دوران زوردار دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی وین تباہ ہونے سے 6اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔ شہدا میں ڈرائیور شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، حاجی محمد گل زادہ اور سخی زادہ شامل تھے جبکہ زخمی کانسٹیبل کی شناخت انصاف الدین کے نام سے ہوئی۔

Related Posts