خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کی گاڑی دھماکے سے تباہ ہوگئی، خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت پولیس کے 6اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زوردار دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی وین تباہ ہونے سے 6اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔ شہدا میں ڈرائیور شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، حاجی محمد گل زادہ اور سخی زادہ شامل ہیں جبکہ زخمی کانسٹیبل کی شناخت انصاف الدین کے نام سے ہوئی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی کانسٹیبل انصاف الدین کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقہ گھیرے میں لے کر علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ کے گاؤں نصر خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل دستگیر کو اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کے نتیجے میں شہید کر دیا اور بعد ازاں گھر کو بھی آگ لگا دی تھی۔
گزشتہ ماہ سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ رات گئے پیش آیا جب حملہ آور اچانک کانسٹیبل کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کے سامنے اندھا دھند فائرنگ کی۔ کانسٹیبل دستگیر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








