بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین آفریدی ، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل ہیں۔
اس سے قبل 3 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے 8وکٹوں سے قومی ٹیم کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔ سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ آج کا میچ جیتنے کی صورت میں بنگلہ دیش ٹیم سیریز بھی جیت جائے گی، تاہم قومی کرکٹ ٹیم کم بیک کی بھرپور کوشش کرے گی۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیشی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 115 رنز کے ہدف کو 15.1 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔ بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے جبکہ تنزید حسن نے 67 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ڈھاکہ کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








