مشرق وسطیٰ کشیدگی کے تناظر میں ایران سے مذاکرات کیلئے امریکی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کی قیادت کرنے والے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا بھرپور استقبال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وفد میں امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد ایران کی قیادت سے اسلام آباد میں مذاکرات کرے گا، جس کا مقصد ایران جنگ کی بندش، آبنائے ہرمز کھلوانا اور خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی امریکی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقعے پر دونوں جانب سے امن و استحکام کیلئے مثبت گفت و شنید کا تبادلہ ہوا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ مذاکرات تعمیری نوعیت کے ہوں گے۔ پاکستان فریقین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کے استقبال کے موقعے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی قیادت کے امن و استحکام کیلئے عزم کو سراہا۔ پاکستان نے فریقین کے مابین بامقصد اور تعمیری مذاکرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تنازعے کے پائیدار حل کیلئے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








