پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے دوران کیوی کھلاڑی ڈیرل مچل نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے بیٹنگ چھوڑ دی، جس کے باعث کھیل کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پنڈیز کی بیٹنگ کے دوران ڈیرل مچل نے عثمان طارق کے گیند کرانے کے مخصوص انداز پر نہ صرف اعتراض کیا بلکہ کم از کم 2 بار اپنی کریز چھوڑ دی۔ عثمان طارق کے منفرد بولنگ اسٹائل میں وہ بولنگ سے قبل ذرا سا توقف کرتے ہیں جو بیٹر کیلئے الجھن کا باعث بن گیا۔
ڈیرل مچل نے عثمان طارق کے گیند کرانے کیلئے آنے پر اسٹمپ سے پیچھے ہٹ کر امپائر کو اشارہ کیا کہ وہ گیند کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں۔ دوبار ایک ہی طرح کی حرکت پر کرکٹر رمیز راجہ نے کمنٹری کے دوران کھلاڑی کے اس رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ امپائر نے بیٹر سے بات چیت کرکے انہیں کھیلنے پر راضی کرلیا۔
Daryl Mitchell refuses to face Usman Tariq 😂 #QTGVRWP pic.twitter.com/2CO6z4NvR9
— Nibraz Ramzan (@nibraz88cricket) April 10, 2026
تاہم ڈیرل مچل زیادہ دیر تک جم کر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور سعود شکیل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ پنڈی پنڈیز کو اس میچ میں 61رنز کے طویل مارجن کے ساتھ شکست ہوئی۔یہ عثمان طارق پر تنقید کا کوئی پہلا موقع نہیں بلکہ اس سے قبل بھی عثمان طارق کو اپنے بولنگ اسٹائل کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ماضی میں بھارت کے معروف اسپنر روی چندرن اشون مشورہ دے چکے ہیں کہ اگر بیٹر کو بولر کے رک کر گیند کرانے سے مسئلہ ہو تو وہ کریز سے ہٹ سکتا ہے، ایسی صورت میں امپائر اسے ڈیڈ بال قرار دے دے گا، تاہم ایسا کرنے سے بولر کو ملنے والا فائدہ تو ختم ہوجاتا ہے، لیکن میچ الجھ کر رہ جاتا ہے کیونکہ رک کر گیند کرانے والے بولر کو بولنگ سے مکمل طور پر روکا بھی نہیں جاسکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








