سیاحتی تقریب میں قیامت کے مناظر! تاریخی قلعے میں بھگڈر مچنے سے درجنوں افراد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ہیٹی کے شمالی علاقے میں واقع مشہور تاریخی مقام سیٹاڈیل لا فریئر ایک تقریب کے دوران افسوسناک حادثے کا شکار ہو گیا جہاں اچانک بھگڈر مچنے سے درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب قلعے میں جاری سالانہ تقریب کے دوران اچانک موسم خراب ہوا اور بارش شروع ہو گئی۔ اس صورتحال میں شرکاء کے درمیان افراتفری پھیل گئی اور ہجوم ایک دوسرے کو دھکیلتا ہوا باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگا۔

عینی حکام کے مطابق رش اور دباؤ اس قدر زیادہ تھا کہ کئی افراد زمین پر گر گئے اور ان کے اوپر دوسروں کے قدم پڑتے رہے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑا سانحہ ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

حکومت کی جانب سے متاثرہ افراد کے لیے فوری امدادی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں جبکہ قلعے کو عارضی طور پر بند کرکے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم ایلکس ڈیڈیئر فلز ایمی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

وزیر ثقافت و مواصلات ایمانوئیل مینارڈ کے مطابق صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب کچھ افراد باہر نکلنے جبکہ دیگر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ رش کے باعث لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے اور کئی افراد دوسروں کے نیچے دب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیٹاڈیل لا فریئر (Citadelle Laferrière) ہیٹی کی آزادی کے بعد تعمیر کیا گیا ایک تاریخی قلعہ ہے جو ملک کی خود مختاری اور نوآبادیاتی دور کے خلاف مزاحمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ مقام سیاحت کے لیے بھی مشہور ہے اور قومی شناخت میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔

Related Posts