معروف اداکارہ رمشا خان نے سوشل میڈیا پر نکاح سے منسوب تصاویر وائرل ہونے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے میڈیا پلیٹ فارمز پر ناراضی کا اظہار کیا ہے، جبکہ انہوں نے خوشحال خان کے ساتھ شادی سے متعلق خبروں کی بالواسطہ طور پر توثیق بھی کر دی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی زندگی کو شہ سرخیوں کیلئے استعمال کرنا درست نہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں رمشا خان اور خوشحال خان کی مبینہ شادی کی چند تصاویر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئیں، جس کے بعد اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت پیش کرتے ہوئے اس معاملے پر اپنا مؤقف مداحوں کے سامنے رکھ دیا۔
اداکارہ رمشا خان نے کہا کہ ان کی اجازت کے بغیر نجی تصاویر کا شیئر کیا جانا نہ صرف غیر اخلاقی عمل ہے بلکہ یہ ان کی ذاتی حدود کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تصاویر ان کی رضامندی کے بغیر منظرِ عام پر لائی گئیں، جس سے انہیں شدید تشویش ہوئی جبکہ تصاویر شائع کرنے والوں کا رویہ غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی ہے۔
رمشا خان نے ویوز حاصل کرنے کیلئے نجی لمحات کو خبروں میں تبدیل کرنے والے انسٹاگرام پیجز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے، نہ کہ کسی کی سرخیاں بنانے کا ذریعہ۔ انہوں نے تمام صفحات سے مطالبہ کیا کہ تصاویر فوری طور پر ہٹائی جائیں اور مستقبل میں انہیں دوبارہ شیئر نہ کیا جائے۔
یہی نہیں، بلکہ رمشا خان نے اپنے مداحوں کو بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے سے متعلق تفصیلات مناسب وقت پر خود بتائیں گی، جس کے بعد خوشحال خان کے ساتھ ان کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بالواسطہ تصدیق مل گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رمشا خان ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کو ترجیح دیتی رہی ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ اپنی پرائیویسی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی۔اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس بھی حذف کر دی تھیں، جس کے بعد مداحوں کے درمیان مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








