ماضی میں بالی ووڈ کی پسندیدہ طاقتور جوڑی سمجھے جانے والے اداکار وجے ورما اور تمنا بھاٹیا کی علیحدگی نے فلم بینوں اور دونوں فنکاروں کو حیران کر دیا اور کبھی اپنی جدائی کی وجوہات کو عوامی بحث کا موضوع نہیں بننے دیا، تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وجے ورما نے خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وجے ورما نے حال ہی میں بتایا کہ انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غیر ضروری نفرت کا سامنا کرنا پڑا۔ جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کے بارے میں ہونے والی گفتگو ان کے کام کے بجائے ہر دوسری بات پر مرکوز ہے تو انہوں نے خود کو پیچھے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق اس فیصلے نے انہیں اپنے خاندان اور دوستوں سے دوبارہ منسلک ہونے کا موقع دیا، جن کے لیے وہ گزشتہ چند برسوں سے وقت نہیں نکال پا رہے تھے۔
اداکار وجے ورما نے کہا کہ جب ہم بڑے ہو رہے تھے تو کسی کے بارے میں عوامی پلیٹ فارم پر برا کہنا معیوب سمجھا جاتا تھا اور اسے پسند نہیں کیا جاتا تھا۔ جو لوگ بدزبانی کرتے تھے انہیں غلط سمجھا جاتا تھا۔ اب سب کچھ الٹ ہو گیا ہے، جو گالیاں دے رہا ہے اسے کوئی کچھ نہیں کہتا۔ جس شخص کو نشانہ بنایا جا رہا ہوتا ہے، اس کے حق میں بولنے کے بجائے مزید لوگ اس کے خلاف باتیں کرنے لگتے ہیں۔
وجے ورما نے کہا کہ ہم اپنے اردگرد تیزی سے بدلتی دنیا کے ساتھ قدم نہیں ملا پا رہے۔ ثقافت میں مکمل تبدیلی آ چکی ہے۔ لوگ جس انداز میں بات کرتے ہیں اور تبصرے لکھتے ہیں وہ حد سے زیادہ براہ راست اور ذاتی ہو چکا ہے۔ بعض اوقات بہت سی من گھڑت باتیں اور جھوٹ کسی کے بارے میں بھی لکھ دیا جاتا ہے۔ جب مجھے احساس ہوا کہ میں اس مقصد کیلئے فلموں میں نہیں آیا تھا، تو میں نے بہتر چیزوں پر توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ میں حال ہی میں ایک بڑے گھر میں منتقل ہوا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ میرا خاندان زیادہ بار مجھ سے ملاقات کیلئے آئے۔ اب میں اپنے دوستوں کے ساتھ بھی زیادہ وقت گزار رہا ہوں۔
خیال رہے کہ تمنا بھاٹیا اور وجے ورما تقریباً دو برس تک ایک دوسرے کو جاننے کے بعد مارچ 2025 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔ بعد میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے تمنا بھاٹیا نے اشارہ دیا کہ وہ وجے ورما کے اثر سے باہر آچکی ہیں اور اب ایک بہترین جیون ساتھی بننے پر کام کر رہی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ جس شخص کی زندگی میں وہ آئیں، اسے یوں محسوس ہو جیسے اس نے ماضی میں کوئی اچھا عمل کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








