پاکستان کے تیزی سے پھیلتے ہوئے ای کامرس شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چین کی معروف کمپنی علی بابا گروپ نے اپنے مقامی شراکت دار کوکو ٹیک کے ذریعے ملک کے مالیاتی خدمات کے شعبے میں باضابطہ قدم رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے منگل کے روز اعلان کیا کہ کوکو ٹیک کو نان بینکنگ فنانس کمپنی (این بی ایف سی) کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد کمپنی مالیاتی خدمات فراہم کرنے کی اہل ہو گئی ہے۔
اس نئے پلیٹ فارم کے تحت ابھی خریدیں بعد میں ادائیگی کریں (BNPL) جیسی سہولت متعارف کروائی جائے گی جس کے ذریعے صارفین آن لائن خریداری کر کے ادائیگی آسان اقساط میں کر سکیں گے۔ یہ ماڈل دنیا بھر میں روایتی کریڈٹ سسٹم کے متبادل کے طور پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق علی بابا پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری بھی کرے گا جو ملک کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر مالیاتی شعبے میں پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے قرض تک رسائی کو بہتر بنائے گا جبکہ مارکیٹ میں مسابقت اور جدت کو بھی فروغ ملے گا۔
پاکستان کا ای کامرس سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے جس کی بڑی وجوہات میں اسمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے استعمال اور نوجوان آبادی کا نمایاں کردار شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








