وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فارن فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 57صفحات پر مشتمل چالان تیار کرلیا ہے جو ممکنہ طور پر کل عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے 57 صفحات پر مشتمل چالان میں 11 ملزمان کو نامزد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو مرکزی ملزم قرار دیا۔ دیگر ملزمان میں طارق شفیع، حامد زمان اور دیگر افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے طویل چالان میں عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ سمیت 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔ تفتیشی افسران نے چالان میں الزام عائد کیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے تحریکِ انصاف کے اکاؤنٹس میں 1 ہزار 800 ٹرانزیکشنز اور نیا پاکستان کے نام سے وصولیاں ہوئیں۔
چالان میں مزید الزامات کے متعلق ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان پر 21لاکھ ڈالرز کی غیرقانونی فارن فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ یہی رقم ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے ذریعے بھی ارسال کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی عارف نقوی کی ملکیت ظاہر کی گئی تھی۔ ایف آئی اے کا چالان میں دعویٰ ہے کہ کیمن آئر لینڈ میں رجسٹریشن ظاہر کی گئی، تاہم کمپنی جعلی اور غیر رجسٹرڈ نکلی۔ اسپیشل کورٹ پہلے ہی ایف آئی اے کو چالان جمع کرانے کی ہدایت دے چکی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








