وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2025 کے لیے اسامیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ اس سال مجموعی طور پر 327 آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا جن میں 191 نئی آسامیاں اور 136 وہ آسامیاں شامل ہیں جو گزشتہ برسوں سے منتقل ہو کر آئی ہیں۔
ان آسامیوں میں 169 سیٹیں اوپن میرٹ (جنرل میرٹ سمیت) کے لیے مختص کی گئی ہیں جبکہ خواتین کے لیے 35 اور اقلیتی طبقے کے لیے 123 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ صوبائی سطح پر پنجاب کو سب سے زیادہ 157 آسامیاں دی گئی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مقامی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے لیے 43، سندھ رورل کے لیے 30 سندھ اربن کے لیے 28 اور بلوچستان کے لیے بھی 28 آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔ اسی طرح سابق فاٹا کے لیے 16، آزاد کشمیر کے لیے 7 اور گلگت بلتستان کے لیے 3 نشستیں رکھی گئی ہیں۔
ان آسامیوں میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، فارن سروس آف پاکستان، ان لینڈ ریونیو سروس، آفس مینجمنٹ گروپ سمیت دیگر اہم سروسز اور گروپس شامل ہیں۔ اس تقسیم میں صوبائی، علاقائی، خواتین اور اقلیتی کوٹہ سسٹم کو مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کوٹہ سسٹم کی مکمل عملداری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی پالیسی کے مطابق کی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی تعیناتی میرٹ پوزیشن، ان کی ترجیحات، کمیشن کی جانب سے موزونیت کے تعین اور ڈومیسائل کی بنیاد پر کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








