نامناسب اور چبھتے ہوئے سوالات، میرا ارشاد بھٹی کا انٹرویو چھوڑ کر چلی گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

ارشاد بھٹی
(فوٹو: آن لائن)

معروف اداکارہ میرا پوڈ کاسٹ کے دوران نامناسب اور چبھتے ہوئے ذاتی سوالات پوچھنے پر ارشاد بھٹی کا انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلی گئیں، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا اپنی نئی فلم سائیکو کی تشہیر کیلئے ارشاد بھٹی کی پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئی تھیں، تاہم ارشاد بھٹی کے جاری کردہ ٹریلر سے پتہ چلتا ہے کہ میزبان نے ان سے ماضی کے معاشقوں اور ہسپتال بنانے کیلئے چندہ لینے کے اسکینڈل سمیت متعدد چبھتے ہوئے سوالات کیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میرا بار بار معروف تجزیہ کار اور یوٹیوبر ارشاد بھٹی کو اپنی فلم کے متعلق بتانا چاہتی ہیں اور اشارہ دیتی ہیں کہ سوالات بدلیں، تاہم ارشاد بھٹی اپنی روش پر قائم رہتے ہیں اور اداکارہ کے ہمایوں سعید اور دیگر سے معاشقوں کا حوالہ دیتے ہیں۔

سوالات کا رخ مسلسل میرا کی ذاتی زندگی کی جانب رہنے پر اداکارہ مسکرا کر ارشاد بھٹی کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور انٹرویو ادھورا چھوڑ کر رخصت ہوجاتی ہیں۔ یہ ٹریلر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ارشاد بھٹی کو آڑے ہاتھون لے لیا اور ان کے رویے پر کھل کر تنقید بھی کی۔

جی ڈی اے رہنما سائرہ بانو نے کہا کہ ارشاد بھٹی کو تھوڑی اخلاقیات کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا، میرا صاحبہ تو بہت آرام سے چلی گئیں، دو ہاتھ لگا کر اٹھتیں تو اچھا ہوتا۔ مبشر زیدی نے جیو کے پروگرام رپورٹ کارڈ کے شرکاء کو ارشاد بھٹی کے بائیکاٹ کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جیو کی انتظامیہ بھی ان کے خلاف ایکشن لے۔

معروف ٹاک شو میزبان اور صحافی کرن ناز نے کہا کہ مسخرہ مسخرہ ہی ہوتا ہے، مختلف پروگرامز میں خواتین کو فضول  مذاق اور ذاتی حملوں سے تنگ کرتا رہا، شکر ہے، آج پکڑا گیا۔

شمع جونیجو کا کہنا تھا کہ ارشاد بھٹی نے میرا کے ساتھ انٹرویو میں جو کیا، اسے ہراسگی کہا جاتا ہے۔ انہیں جواد احمد کی طرح اس کی چھترول کرنی چاہئے تھی۔


سوشل میڈیا صارفین نے ارشاد بھٹی کو پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ تاہم ارشاد بھٹی نے تاحال پوڈ کاسٹ ڈیلیٹ کرنے یا میرا کی جانب سے انٹرویو میں واپس آنے کے متعلق کوئی اشارہ نہیں دیا۔ سوشل میڈیا صارفین میں ارشاد بھٹی کے رویے سمیت ویڈیو کے دیگر عناصر پر بحث تاحال جاری ہے۔

Related Posts