تہران: ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا پر کوئی بھروسہ نہیں کرسکتا اور ہم جنگ بندی کیلئے اسلام آباد مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔ موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ماضی سے سبق نہیں سیکھ رہا۔ امریکا نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔ امریکا کی غلطیوں کا تسلسل خطے کیلئے بھی خطرناک ہوسکتا ہے۔ غلط پالیسیوں کے مثبت نتائج کبھی نہیں نکل سکتے۔
نیوز کانفرنس کے دوران ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ہمارا امریکا کے ساتھ کسی نئے مذاکراتی دور کا کوئی منصوبہ نہیں۔ واشنگٹن سے فی الحال بات چیت کا ارادہ نہیں رکھتے۔ امریکا نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے، ہم نے ثالث پاکستانی قیادت کو بتا دیا۔ ایرانی وفد مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان نہیں جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ثابت کردیا کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سنجیدہ نہیں۔ امریکی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آئی۔ نتائج بھی بہتر نہیں ہوں گے۔ امریکا مثبت کردار کی بجائے الزام تراشی کررہا ہے۔ ایران ہر قیمت پر اپنے قومی مفادات کا دفاع جاری رکھے گا۔ امریکا اب بھی غیر حقیقی مطالبات پر اصرار کررہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز امریکی و اسرائیلی حملوں سے قبل محفوظ تھی۔ امریکا نے بحری ناکہ بندی جاری رکھ کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ امریکی مؤقف اور مطالبات بدلتے رہتے ہیں جو مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہورہا ہے، اس کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں۔ امریکی افواج نے کوئی احمقانہ قدم اٹھایا تو ایرانی افواج جواب دیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








