پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی نے اپنے شوہر کے ساتھ لائیو پروگرام میں پیش آنے والے غیر مناسب منظر پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد مارننگ شو کے دوران باقاعدہ معذرت کرلی۔سوشل میڈیا صارفین نے اس معذرت پر بھی سخت ردِ عمل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ فضا علی نے اپنے شو کے دوران بتایا کہ گزشتہ ہفتے ان کے خاندان کے افراد (جن میں ان کے شوہر اور بیٹی فرال شامل ہیں) کو پروگرام میں مدعو کیا گیا، تاہم نشریات کے دوران ایک ایسا لمحہ سامنے آیا جسے ناظرین کی بڑی تعداد نے نامناسب سمجھا اور اسی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا۔
اداکارہ فضا علی نے ناظرین کی ناراضگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اب احساس ہے کہ خوشی یا جذبات کے اظہار میں وقت، ماحول اور پلیٹ فارم کی نوعیت کو مدنظر رکھنا ضروری تھا، اس غلطی پر وہ اور ان کی پوری ٹیم ناظرین سے معافی کے طلبگار ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ لوگ اس معذرت کو قبول کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معافی پر انہیں کوئی عار نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر اس معافی کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے کہا کہ ٹی وی میزبان ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے متنازع انداز اپناتے ہیں اور بعد میں معذرت کر لیتے ہیں، جبکہ بعض نے اس کو صرف رسمی کارروائی قرار دیا۔ کچھ افراد نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ معافی قابلِ قبول نہیں اور ایسے رویے بار بار دہرائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر فضا علی نے عوام سے نجی لمحے کی ویڈیو کو نامناسب طور پر شیئر کرنے اور براہِ راست نشر کرنے پر سچے دل سے معافی مانگی ہے تو عوام کو بھی کھلے دل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ضروری نہیں ہے کہ ہر مارننگ شو میزبان ریٹنگ کیلئے جان بوجھ کر اپنے نجی لمحات شیئر کرے، ایسا غلطی سے بھی ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک لائیو پروگرام کے دوران فضا علی کے شوہر نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا تھا، جس منظر کو بڑی تعداد میں ناظرین نے غیر مناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور پیمرا سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ بعد ازاں پیمرا نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور نجی چینل سے وضاحت طلب کر لی اور ہدایت کی کہ نشریات کے دوران پیشہ ورانہ اور اخلاقی اصولوں کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








