پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 سالہ بچہ شہید ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خوارج دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ شہید ہوگیا۔ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے شبے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آپریشن عزم استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کا مقصد دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








