پنجاب میں دریائے سندھ کے کنارے واقع شہر بھکر ایک افسوسناک واقعے کا شکار ہو گیا جہاں زمین کے تنازع نے خونریز صورت اختیار کر لی اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ بہل کے علاقے بستی چانڈیہ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ اس واقعے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر روانہ کی۔
پولیس حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو قابو میں کر لیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 23 اپریل کو خیبر پختونخوا میں بھی جائیداد کے تنازع پر اسی نوعیت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ سات افراد زخمی ہوئے تھے۔
واقعہ ضلع چارسدہ کے علاقوں خوبئی، گونڈہ اور شبقدر بازار میں پیش آیا تھا جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے متعدد افراد متاثر ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








