رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ متأثرہ علاقوں میں کہرام مچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گری۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بجلی موسیٰ خیل، نصیر آباد اور جعفر آباد میں گری، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں بجلی گری تھی۔ ضلع موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 65دنبے ہلاک ہوگئے، جس پر متأثرہ گلہ بان غم سے نڈھال ہوگیا۔
اپریل کے آغاز میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے دل دہلا دینے والے واقعے میں 65 دنبے آناً فاناً ہلاک ہوگئے، جس کے نتیجے میں متأثرہ شخص کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، جس کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی نے میرا سب کچھ ختم کردیا، یہی میری کل کائنات تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








