لاہور کے رنگ روڈ پر پیر کی شام ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے پروٹوکول میں شامل ایک گاڑی اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی معمول کے سفر پر تھی۔
آگ لگنے کے باعث بی ایم ڈبلیو گاڑی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں صرف ڈرائیور موجود تھا جو خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت مریم نواز جاتی امرا کی رہائش گاہ کی طرف واپس جا رہی تھیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ فضا ئیہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے واپس آ رہے تھے جب پروٹوکول کی گاڑی کو آگ لگی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق متاثرہ بی ایم ڈبلیو گاڑی میں پہلے بھی تکنیکی خرابی سامنے آ چکی تھی، جس کے باعث اسے دو مرتبہ ورکشاپ بھی بھیجا گیا تھا تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے گاڑی کی حالت اور ممکنہ تکنیکی مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
ریسکیو اور سیکیورٹی ادارے اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور جلد ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








