ہزاروں ایکٹر زمینیں، اسکلولز، اسپتال اور بہت کچھ! مریم نواز کے کچے والوں کے لیے پکے منصوبے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب کے کچے علاقوں کیلئے ایک بڑے اور ہمہ جہتی ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خطے کی تقدیر بدلنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ حکومت نے نہ صرف اربوں روپے کے پیکیج کی منظوری دی بلکہ روزگار، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اہم اقدامات بھی سامنے لائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کچے علاقے کی ترقی، امن و امان کے قیام اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے 23 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور سیکیورٹی سے متعلق مختلف منصوبے شامل ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مقامی افراد کو 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری زمین فراہم کی جائے تاکہ وہ زراعت کے ذریعے اپنے معاشی حالات بہتر بنا سکیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ کچہ کے علاقے میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران پہلی بار کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی رٹ مؤثر انداز میں قائم ہو چکی ہے۔ ان کے بقول تاریخ میں پہلی مرتبہ اس علاقے میں حکومت کی عملداری واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 23 ارب روپے کے اس پیکیج کے تحت اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کی جائے گی۔ اس میں سے 7.1 ارب روپے امن و امان کی بہتری کیلئے، 13.9 ارب روپے سوشل انفراسٹرکچر پر جبکہ 1.7 ارب روپے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کچہ ایریا میں ٹرانسپورٹ کی سہولت بہتر بنائی جائے اور کلینک آن ویلز، موبائل وٹرنری اسپتالوں اور لیبارٹریز کا اجرا کیا جائے۔ مزید برآں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے سولر انرجی سے چلنے والے ڈرونز کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ پولیس گاڑیوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی کیمروں سے منسلک کیا جائے گا۔

تعلیم کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت 65 اسکولوں کی تعمیر و بحالی، 16 نئے اسکولوں اور دو گرلز کالجز کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ 6551 طالبات کو اسکول میل ملک پیک، 300 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس اور مزید 300 طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 108 کلومیٹر سولنگ اور 144 کلومیٹر سڑکوں پر مشتمل 27 منصوبے مکمل کیے جائیں گے جبکہ مثالی گاؤں منصوبہ، سیوریج اور ڈرینج سسٹم اور اسپورٹس پراجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 125 ملین روپے کی لاگت سے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام بھی متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے۔

کچے کے علاقے کے رہائشیوں کی سہولت کیلئے نادرا رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ شناختی کارڈ اور ب فارم کے حصول کو آسان بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی کے حوالے سے غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت اسلحہ جمع کروانے والوں کو اس کی نوعیت کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا اور اس پورے عمل کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کچے کی مرکزی شاہراہوں کے اطراف لمبی فصلوں کی کاشت پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ سیکیورٹی خدشات کو کم کیا جا سکے۔

Related Posts