ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

گلیشیئر
(فوٹو: ڈان)

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں بشمول گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں ممکنہ گلیشیئر پھٹنے، تیز بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے، اور متعلقہ اداروں کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک درمیانی شدت کی مغربی ہواؤں کی لہر پاکستان کے بالائی خطوں میں داخل ہوگی، جس کے نتیجے میں ان دونوں صوبوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جب درجہ حرارت میں اچانک اضافہ ہوتا ہے تو اس کے بعد ہونے والی بارشیں گلیشیئرز کے جھیلوں کے پھٹنے (گلیشیئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ)، مٹی اور پتھروں کے بہاؤ اور اچانک سیلاب کے خدشات میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق  ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے اور دیر بالا جیسے علاقے خاص طور پر ان ممکنہ خطرات کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔حکام نے برفانی علاقوں میں رہنے والے افراد کو تاکید کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ برفانی علاقوں میں رہنے والے افراد اگر پانی کے رنگ میں غیر معمولی تبدیلی یا پتھروں کے ٹکرانے جیسی آوازیں سنائی دیں تو فوراً محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں، اپنے مویشی اور قیمتی اشیاء کو اونچی جگہوں پر منتقل کریں اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

Related Posts