پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں سفیان مقیم نے اپنی مسلسل مؤثر اور جاندار باؤلنگ کی بدولت ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔سفیان مقیم نے پی ایس ایل 11 کا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی کیلئے انتہائی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق سفیان مقیم نے 11 اننگز میں مجموعی طور پر 22 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بن گئے۔ اس نمایاں کارکردگی پر انہیں علامتی فضل محمود کیپ سے بھی نوازا گیا۔
ان کی باؤلنگ اوسط 14.40 رہی، جو ان کی مہارت اور تسلسل کی واضح عکاسی کرتی ہے۔ ان کی شاندار پرفارمنس کی بدولت پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے کر اپنا دوسرا ٹائٹل جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے سفیان مقیم نے کہا کہ ان کی ذاتی کارکردگی اطمینان بخش رہی جبکہ ٹیم نے بھی اجتماعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی باؤلنگ کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی اور خوشی کی بات ہے کہ انہیں بہترین باؤلر کا اعزاز ملا۔
سفیان مقیم کے مطابق انفرادی اعزازات ہر کھلاڑی کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔دوسری جانب ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ رنز بنا کر حنیف محمد کیپ اپنے نام کی۔ انہوں نے 11 اننگز میں 588 رنز 73.50 کی شاندار اوسط سے اسکور کیے۔
اگرچہ فائنل میں وہ کھاتہ نہ کھول سکے، تاہم انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر بھی قرار دیا گیا، اور یہ ان کے کیریئر میں بطور کپتان پہلی پی ایس ایل ٹرافی ہے۔بابر اعظم نے اس سیزن میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں، اور ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کیا، جو اس سے قبل فخر زمان کے پاس تھا۔
اس کے علاوہ پشاور زلمی کے فرحان یوسف کو بہترین فیلڈر جبکہ کوشل مینڈس کو بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز دیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا، جنہوں نے 10 اننگز میں 17 وکٹیں 14.47 کی اوسط سے لینے کے ساتھ 173 رنز بھی اسکور کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








