پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ میرپور کے میدان میں شروع ہو چکا ہے، جہاں قومی ٹیم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت شان مسعود انجام دے رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کی کمان نجم الحسن شانتو کے ہاتھ میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسکواڈ میں اذان اویس اور عبداللہ فضل کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔ دونوں نوجوان کرکٹرز کی ڈیبیو کارکردگی دیکھنے کے لیے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں شان مسعود، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، حسن علی، محمد عباس، اذان اویس اور عبداللہ فضل کو جگہ دی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم محمود الحسن جوئے، شادمان اسلام، مومن الحق، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم، لٹن داس، مہدی حسن مرزا، تیج الاسلام، تسکین احمد، عبادت حسین اور ناہید رانا پر مشتمل ہے۔
ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے فاسٹ بولرز نہایت مضبوط اور مؤثر ہیں، تاہم انہیں امید ہے کہ پاکستانی ٹیم اچھی اور معیاری کرکٹ پیش کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








