پہلے ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز، بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 413رنز پر آؤٹ، پاکستان کی بیٹنگ شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

بنگلہ دیش میں جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 413رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میزبان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹس گنوا بیٹھی جب محمد حسن اور شادمان بالترتیب 8 اور 13رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم بعد میں قائم ہونے والی شراکت داری بنگلہ دیش کو 200 سے زائد رنز تک لے گئی۔

کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق نے تیسری وکٹ کی شراکت داری میں بالترتیب 101 اور 91 رنز کی اننگز کھیل کر بنگلہ دیش کی میچ پر گرفت مضبوط کردی۔ کپتان نجم الحسن شانتو201 کے مجموعی اسکور پر جبکہ مومن الحق 276 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ مشفق الرحمٰن نے بھی 179گیندوں پر 71رنز کی طویل اننگز کھیلی۔

وکٹ کیپر لٹن داس 338کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش اپنی 5وکٹس کھو چکا تھا، تاہم اس کے بعد آنے والے کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر برقرار نہ رہ سکے۔بنگلہ دیش کے دیگر بیٹرز میں 33رنز کے ساتھ لٹن داس، 28رنز کے ساتھ تسکین احمد اور 17رنز کے ساتھ تیج الاسلام نمایاں ہیں۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 117.1اوورز میں 413رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

دوسری جانب پاکستان کے محمد عباس نے سب سے زیادہ 5 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی 3 وکٹس جبکہ حسن علی اور نعمان علی 1، 1 وکٹ لے کر نمایاں بولرز رہے۔ بنگلہ دیش کے 413رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کردیا ہے اور قومی ٹیم کے بیٹرز امام الحق اور اذان اویس کریز پر موجود ہیں۔

Related Posts