خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے شمالی وزیرستان اور کے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑے مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر خاندان کو ماہانہ نقد رقم کے ساتھ ساتھ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنا اور ان کی معاشی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے متاثرہ خاندانوں کے لیے جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں کروڑوں روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندان اس امدادی منصوبے سے مستفید ہوں گے جنہیں نقد رقوم کے ساتھ ساتھ فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق مجموعی طور پر 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ہر متاثرہ خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ اس کے علاوہ ہر خاندان کو 8 ہزار روپے مالیت کا ماہانہ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
یہ تمام ادائیگیاں موبائل سمز کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ رقم کی براہِ راست منتقلی ممکن ہو اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ مالی امداد صرف جولائی اور اگست 2025 کے عرصے سے متعلق ہے جبکہ غیر تقسیم شدہ رقوم اور سروس چارجز کو 60 دن کے اندر واپس جمع کروانا لازمی ہوگا۔
مراسلے میں متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ریکارڈ اور آڈٹ رپورٹس پی ڈی ایم اے کو فراہم کی جائیں تاکہ پورے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








