نئی نویلی دلہن سمیت 11 جاں بحق! سوات میں باراتیوں کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب سوات کے علاقے چار باغ آڈو کے مقام پر باراتیوں کی گاڑی پہاڑی راستے میں خوفناک حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ دل دہلا دینے والے اس سانحے میں دلہن سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گاڑی پہاڑی سڑک پر ایک خطرناک موڑ کے قریب بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دلہن کی والدہ، خالہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ مشکل راستے کے باوجود زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کو کڈنی اسپتال منگلور اور سیدو شریف اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز موڑ پر ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا تاہم فنی خرابی کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا ہے۔

حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Posts