لاہور میں ریس کورس کے علاقے میں ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی شناخت کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ریس کورس کے علاقے میں ٹریکٹر ٹرالی نے تیزرفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلک حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹریکٹر کے ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت 45سالہ شاہد، 35سالہ محسن اور 26 سالہ عدنان کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ تیزرفتاری اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے کے باعث حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے نزدیک آئل ٹینکر کا موٹر سائیکل سے تصادم ہوا، ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار بچی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
فروری کے دوران افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق بچی اور زخمی ہونے والے 2 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔کورنگی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹینکر ڈرائیور تصادم کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








