ٹوبہ ٹیک سنگھ کے راجانہ تھانے کی حدود میں واقع چک 184 جی بی میں اتوار کی شب پرانی دشمنی ایک خونی تصادم میں بدل گئی جس کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل ایوب خان گاڑھی شدید زخمی ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ریٹائرڈ کرنل ایوب خان گادھی جو کہ ایک نمایاں سیاسی شخصیت سمجھے جاتے ہیں اپنے ڈیرے پر موجود تھے کہ ان پر اچانک مخالفین نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایوب خان گادھی سمیت 3 افراد شدید زخمی ہیں۔
خونریز واقعے میں مرنے والوں کی شناخت ضیغم عباس، ندیم، حق نواز اور خالق داد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پیر کی صبح علاقے کی فضا سوگ اور خوف میں ڈوبی ہوئی تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا۔
حکام نے واقعے کی سنگینی کے پیشِ نظر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے تاکہ فائرنگ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے بتایا کہ یہ حملہ مخالفین کی جانب سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور پولیس مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے۔ ادھر فرانزک ماہرین شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہری اس افسوسناک واقعے کے بعد شدید صدمے میں ہیں اور یہ احساس ایک بار پھر تازہ ہوگیا ہے کہ برسوں پرانی دشمنیاں کس طرح اچانک جان لیوا رخ اختیار کر سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








