خیبر پختونخوا میں نجی تعلیمی اداروں کے لیے ایک اہم تعلیمی اصلاحاتی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر کے پرائیویٹ اسکولوں میں بھی سمسٹر سسٹم نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نجی اور سرکاری تعلیمی ڈھانچے کو ایک ہی پیٹرن پر لانا ہے تاکہ یکسانیت پیدا کی جا سکے۔
یہ فیصلہ خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) کے حالیہ بورڈ اجلاس میں منظور کیا گیا جس میں نجی اسکولوں کے نمائندوں نے بھی اس کی حمایت کی۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کو وسیع مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا بنیادی مقصد طلبہ اور اساتذہ پر تعلیمی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی اسکولوں کے مختلف تعلیمی کیلنڈرز کے باعث پیدا ہونے والے داخلہ اور ٹرانسفر کے مسائل کو بھی حل کرنا ہے۔
موجودہ نظام کے تحت بیشتر نجی اسکول سالانہ امتحانی طریقہ کار پر عمل کرتے ہیں جہاں فائنل امتحانات مارچ میں ہوتے ہیں اور نیا تعلیمی سال اپریل سے شروع کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب سرکاری اسکولوں میں گزشتہ سال سے جماعت ہشتم تک سمسٹر سسٹم نافذ ہے جس کے امتحانات مئی کے آخر تک جاری رہتے ہیں۔
پی ایس آر اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے محکمے کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس نئے نظام کے نفاذ کے لیے حتمی ٹائم لائن طے کرے گی۔
سیکرٹری تعلیم محمد خالد کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں سمسٹر سسٹم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور توقع ہے کہ اس نظام سے نجی اسکولوں کے طلبہ کو بھی فائدہ ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








