پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) نے منگل کے روز فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیش گوئی کی ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔
اسپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے۔ادارے کے مطابق اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سورج غروب ہونے اور چاند غروب ہونے کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا فرق متوقع ہے جو چاند دیکھنے کے لیے سازگار صورتحال سمجھی جاتی ہے۔
اسپارکو کے مطابق اگر موسم صاف رہا اور افق پر حدِ نگاہ بہتر ہوئی تو 17 مئی کی شام ذوالحج کا چاند نظر آنے کے امکانات کافی روشن ہیں۔
ادارے نے اپنی پیش گوئی میں کہا کہ ان فلکیاتی اندازوں کے مطابق یکم ذوالحج 18مئی کو ہونے کی توقع ہے جس کے ساتھ ہی ذوالقعد کا مہینہ اختتام پذیر ہو جائے گا۔
اسی بنیاد پر عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم سپارکو نے واضح کیا کہ چاند نظر آنے اور اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ سناتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








