وزارت مذہبی امور نے ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
مرکزی کمیٹی کا اجلاس 29 ذوالقعدہ بمطابق 17 مئی بروز اتوار محکمہ موسمیات کراچی میں منعقد ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ شہروں میں ہوں گے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ذوالحج کے چاند سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں تصور کی جا رہی ہے۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا فرق متوقع ہے، جس کے باعث صاف موسم اور بہتر حد نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی کو ہونے کا امکان ہے جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
تاہم سپارکو نے واضح کیا ہے کہ ذوالحج کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر فیصلہ صادر کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








