سندھ کے 9 اضلاع میں بلدیاتی حکومت کی 13 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں حیدرآباد سمیت مختلف علاقوں میں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے کیا گیا تھا جو بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔ یہ انتخابی عمل حیدرآباد، جامشورو، دادو، سجاول، سکھر، نوشہروفیروز، میرپورخاص، جیکب آباد اور گھوٹکی کے مختلف حلقوں میں ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق ان انتخابات میں ڈسٹرکٹ کونسل کی 5 نشستوں، چیئرمین کی 2، وائس چیئرمین کی 2 اور جنرل وارڈ ممبر کی 4 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔
*دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ*
*ٹکرز*
17 مئی 2026
*سندھ ضمنی بلدیاتی انتخابات/پولنگ کا عمل جاری*
صوبہ سندھ کے 9 اضلاع کی 13 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
متعلقہ انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل پُر امن ماحول میں جاری۔(1/2) pic.twitter.com/j03L4gODlX
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) May 17, 2026
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ان ضمنی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 98 ہزار 808 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 53 ہزار 832 مرد اور 44 ہزار 976 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے 73 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 59 کو انتہائی حساس اور 11 کو حساس قرار دیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 45 نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب قرار پا چکے ہیں جن میں 8 چیئرمین اور 6 وائس چیئرمین شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








