امریکی رکنِ کانگریس جیک بریگ مین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی تعریفی خط ارسال کرتے ہوئے امن مذاکرات کے لیے پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کے کردار کو سراہا ہے۔
کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے لکھے گئے خط میں جیک بریگ مین نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لا کر غیرمعمولی سفارتی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں پاکستان نے کلیدی قائدانہ کردار ادا کیا اور اپنی منفرد سفارتی پوزیشن کو بہترین انداز میں استعمال کیا۔
امریکی رکنِ کانگریس کے مطابق پاکستان کا کردار حقیقی ریاستی حکمت اور دانشمندانہ سفارتکاری کی واضح مثال ہے، جسے امریکا میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
جیک بریگ مین نے خط میں مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس بھی پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کا کھلے عام اعتراف کر چکے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








