امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ فوجی کارروائی وقتی طور پر مؤخر کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج واضح بہتری دیکھی جا رہی ہے، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی تقویت دی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان غالب رہا، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس میں اب تک 2248 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس اس وقت ایک لاکھ 64 ہزار 53 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے، جو مارکیٹ میں مثبت رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی کرنسی مارکیٹ کے انٹربینک نظام میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں اس کی قیمت 3 پیسے کم ہو کر 278.57 روپے پر آگئی، جبکہ گزشتہ روز یہ 278.60 روپے پر بند ہوا تھا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ خلیجی ممالک کے سربراہان کی جانب سے درخواست پر ایران پر طے شدہ فوجی کارروائی فوری طور پر روک دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کارروائی روکنے کی درخواست سعودی عرب، یو اے ای اور قطر نے کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








