پاسپورٹ فیس اب کیسے جمع ہوگی؟ نیا ڈیجیٹل سسٹم سب کی توجہ کا مرکز

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistani passport ranks 103rd in world

پاکستان نے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو تیز، آسان اور زیادہ شفاف سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ فیصلہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں نیشنل بینک، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزارتِ داخلہ کے ویژن کے مطابق پاسپورٹ فیسوں کی ادائیگی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جائے گا۔

محمد علی رندھاوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک جدید اور سہل ادائیگی کا نظام متعارف کروایا جائے تاکہ شہریوں کو بینکوں میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر فیس جمع کروانے کی ضرورت نہ پڑے۔ تمام اداروں نے اس نظام کو جلد نافذ کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسی دوران پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ شہریوں کو زیادہ تیز، شفاف اور باعزت سروس فراہم کی جا سکے۔ ان اصلاحات کے سلسلے میں محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کے جی-10 ریجنل پاسپورٹ آفس کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

ترجمان کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری حل کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے دفتر میں پہلے سے نافذ کی گئی کیش لیس ادائیگی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت بڑھ رہی ہے بلکہ شہریوں کے لیے سہولت بھی بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو تیز، شفاف اور باعزت سہولیات میسر آ سکیں۔

Related Posts