سوئی سدرن گیس کمپنی نے یومِ عرفہ کے موقع پر صارفین کیلئے بلا تعطل گیس فراہمی کا اعلان کر دیا ہے تاکہ روزہ رکھنے والے شہریوں کو سحری کی تیاری میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمپنی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ 9 ذوالحج بروز منگل 26 مئی 2026 کو صارفین کیلئے رات 3 بجے سے صبح کے معمول کے اوقات تک گیس کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد یومِ عرفہ کے روز عبادات اور روزے کی ادائیگی کرنے والے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس بابرکت دن کے موقع پر اپنے صارفین کے ساتھ شریک ہوتے ہوئے سحری کے اوقات میں گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ یومِ عرفہ مسلمانوں کیلئے غیر معمولی مذہبی اہمیت کا حامل دن سمجھا جاتا ہے جو عیدالاضحیٰ سے قبل منایا جاتا ہے۔
ایس ایس جی سی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ گیس فراہمی میں کسی بھی قسم کی شکایت یا تعطل کی صورت میں ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی مذہبی تہواروں اور قومی تعطیلات کے دوران گھریلو صارفین کی سہولت کیلئے خصوصی گیس شیڈول جاری کرتی رہتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








