اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے سفارتی اور وزارتی رابطے تیز کر دئیے گئے ہیں، بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق زلفی بخاری اوریو اے ای کی وزیر برائے ہیومن ریسورس کا رابطہ ہوا ہے،دونوں وزراء کے درمیان اہم رابطے میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے۔
اس بات چیت کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ یو اے ای حکومت پاکستانی ملازمین کا تحفظ خود کرے گی،جبکہ یو اے ای کی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے ویزے کی معیاد میں توسیع کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ملازمتوں سے برطرف پاکستانیوں کو مکمل تنخواہ دی جائیگی جبکہیو اے ای کمپنیاں پاکستانی ملازمین کو ائیر ٹکٹ کا خرچ دیں گی۔جو پاکستانی یو اے ای رکنا چاہیں انہیں قانونی تحفظ دیا جائیگا۔
فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی ملازمین کو ترجیحی بنیاد پر ورچوئل روزگار فراہم کیا جائیگا،اس تمام صورتحال کے بعد یو اے ای کے وزیر کیجانب سے پاکستان اور زلفی بخاری سے اظہار تشکر کیا گیا۔
بھرپور رابطے جاری رکھنے اور ساتھ دینے پرشکریہ ادا کیا، پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فلائٹ آپریشن کی بحالی کومثبت اقدام قرار دیاگیا۔
جبکہ زلفی بخاری نے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے اظہار تشکرکیا اورمشکل وقت میں پاکستانیوں کا خیال رکھنے پریو اے ای کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔