گجرات کے نواحی علاقے میں 18 سالہ لڑکی کو اس کے والد کے سامنے غنڈے اغوا کرکے لے گئے جسے بعد ازاں جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔
گجرات کے نواحی علاقے کنجاہ محمد اکبر نے بیان دیا ہے کہ میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ گوجرانوالہ سے 22 مارچ کو دن کے وقت واپس اپنے گھر کنجاہ آرہا تھا جب میری بیٹی اغوا کی گئی۔
لڑکی کے والد محمد اکبر نے کہا کہ میں اور میری بیوی کرائے کے مکان کی تلاش کی غرض سے صحابہ چوک کنجاہ گئے اور ایک گھنٹے بعد واپس آئے تو گلی میں خالد محمود سکنہ فقیر پورہ گوجرانوالہ اور رمضان سکنہ کنجاہ اپنے گھر آ رہے تھے۔
محمد اکبر نے کہا کہ جب ہم دربار پیر ننھا والی کے قریب پہنچے تو میری بیٹی مسمات فجر اکبر کو یاسرعرفات عرف شیری اور محمد شبیر اور مٹھو جھورنامی غنڈوں نے زبردستی اغوا کرکے گاڑی میں بٹھا لیا اور نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئے۔
اکبر نے کہا کہ ہم نے اس دوران بہت شور واویلہ کیا اور گاڑی کا پیچھا کرنا شروع کر دیا، تاہم تیز رفتار گاڑی سے پیچھے رہنے کے بعد ہم واپس اپنے گھر آگئے۔بعد میں پتہ چلا کہ یاسر عرفات اور شبیر میری بیٹی فجر اکبر کو دھکڑانوالی ہوٹل سرگودھا روڈ پر لے گئے تھے۔
پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق ہوٹل میں جنسی زیادتی کے بعد لڑکی کو زہریلی چیز پلا دی گئی۔ زہر آلودہ محلول پینے سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔بعد ازاں یاسر عرفات لڑکی کو محمد اکبر کے گھر کے باہر نیم بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
بیان کے مطابق اکبر شبیر شریف اسپتال کنجاہ پہنچاجو بند تھا۔وہاں سے بیٹی کو لے کر میٹرنٹی اسپتال منگوال گیا لیکن اس کی بیٹی جانبر نہ ہو سکی۔اکبر نے کہا کہ اس سے قبل بھی یاسرعرفات میری بیٹی کو زبردستی اپنے ڈیرے نزد مسجد عالمگیر کنجاہ میں جاکر اس کے ساتھ زنا بلجبر کرتا تھا۔
غریب آدمی ہونے کی وجہ سے اکبر اور اس کے اہلِ خانہ خاموش رہے، جبکہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کی ایف آئی آر 24 روز بعد درج کی گئی جبکہ ملزمان اکبر کو دھمکا رہے ہیں اور ایف آئی آر واپس لینے پر مجبور کر رہے ہیں۔
لڑکی کے والد نے اپیل کی کہ مجھے انصاف دیا جائے۔ پاکستان میں غریب لوگ عزتیں لٹوا کر اور بیٹیاں کھو کر انصاف کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف جنسی زیادتی اور قتل کے جرم میں سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے شکایت ونگ نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور علی محمد خان کے مطابق کل پولیس اہلکاروں سے کارکردگی رپورٹ طلب کی جائے گی۔ ایسے ظالموں سے وزیر اعظم کی حکومت میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وزیرِ پارلیمانی امور علی محمد خان نے فجر اکبر کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
وزیر اعظم شکایت ونگ سے اس واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور کل ہی اس میں متعلقہ پولیس اہلکاروں سے کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی جائے گی۔
ایسے ظالموں سے @ImranKhanPTI کی حکومت میں کوئ رعایت نہی برتی جائے گی اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انشاءاللہ https://t.co/3pIMOR6Sab— Ali Muhammad Khan (@Ali_MuhammadPTI) April 16, 2020
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








