اسلام آباد:امریکا میں پھنسے ہوئے اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی تعداد سینکڑوں میں پہنچ چکی ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اس تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے، بہت سارے افراد اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں جن کے پاس رہنے کی جگہ نہیں کھانے پینے کی تمام اشیاء ختم ہو چکی ہیں۔
خاص طور پر ان افراد کے پاس پیسے ختم ہوچکے ہیں،ان پاکستانیوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ہم یہاں کسی کے ریفرنس سے کسی جاننے والے کے گھر میں رہ رہے ہیں جو ہمارے پاس تھا وہ سب کچھ ختم ہو چکا ہے جبکہ خواتین کا کہنا ہے کہ ہماری فیملیز لاہور میں ہیں اور ہم یہاں امریکہ میں ہیں یہاں پر خطرناک صورتحال ہے۔
امریکہ میں بیماری کی صورتحال زیادہ خراب ہے، ہر کسی کے رشتہ دار نہیں ہیں جو ان کے پاس رہ سکیں،نیویارک میں رہنے والوں کے لیے یہاں پر رہنے کے لیے بہت زیادہ خرچہ چاہیے ہوتا ہے۔
امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان گورنمنٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر پی آئی اے امریکہ نہیں آ رہا تو کم ازکم کم پی آئی اے کی اسپیشل فلائٹ بھیج دیں تاکہ ہم اس کے ذریعے واپس پاکستان آ سکیں، اگر پی آئی اے امریکہ کے لئے آپریٹ نہیں کر رہا تو مہربانی کر کے کمرشل ایئرلائنز کو اجازت دی جائے تاکہ ہم کسی بھی طرح پاکستان واپس آ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم میں سے کچھ لوگ ٹرانزٹ ویزے پر ہیں اور کچھ لوگ وزٹ ویزے پر یہاں پر گئے ہوئے ہیں کچھ بوڑھے بزرگ افراد کا کہنا ہے کہ جن کے ہاں ہم ٹھہرے ہوئے ہیں ان کے پاس بھی جگہ کم پڑ گئی ہے۔
کیونکہ سوشل ڈسٹنس کا کہا گیا ہے یہاں گھر بہت چھوٹے ہوتے ہیں، یہاں بے شمار مسائل ہیں جہاں ہم لوگ مختلف جگہ پر ٹھہرے ہیں وہاں گھر کے کچھ افراد کرونا وائرس کی وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں،یہ صورتحال ہمارے لئے بہت سنگین ہوچکی ہے۔
ہم لوگوں نے پاکستانی سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا ہے تو سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے امریکہ میں آتی ہی نہیں تو ہم کیسے آپ لوگوں کو واپس بھیجیں،جبکہ سفارتخانے نے گورنمنٹ پاکستان سے رابطہ کیا ہوا ہے کہ یہاں پر جو پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں ان کو جلد از جلد پاکستان لے جایا جائے لیکن ابھی تک گورنمنٹ آف پاکستان نے اس پر کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا۔
ہماری پاکستان میں نوکریاں ہیں اور ہماری چھٹیاں بھی ختم ہو چکی ہیں گھر والے ہمارا انتظار کر رہے ہیں یا پھر بارڈر اوپن کر دیا جائے تاکہ ہم اپنے وطن اپنے بچوں اور فیملیز میں واپس آسکیں ایمبیسی ہمیں سپورٹ کر رہی ہے۔
پھنسے ہوئے افراد کا مطالبہ تھا کہ ہمیں بھی پاکستان واپس لایا جائے جیسے دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لایا گیا تھا ہم حکومت سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں جلد از جلد انتظامات کرکے واپس لایا جائے ہم سب لوگ انتہائی پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں۔