کراچی میں غیر قانونی پورشنز بچانے کیلئے 2لاکھ فی منزل بھتہ فکس

تازہ ترین

تازہ ترین

illegal construction continues in liaquat liaquatabad karachi

کراچی : لاک ڈاؤن میں لیاقت آباد غیر قانونی تعمیرات کا گڑھ بن گیا،غیر قانونی تعمیرشدہ عمارت کو سپریم کورٹ سے بچانے کے لیے رشوت کے نرخ بھی مقرر ہوگئے۔

ایس بی سی اے افسران لاک ڈاؤن کی آڑ میں دونوں ہاتھوں سے یومیہ لاکھوں روپے رشوت وصول کر رہے ہیں،غیر قانونی عمارت کو سپریم کورٹ کی لسٹ سے باہر رکھنے کے لیے فی منزل 2 لاکھ روپے مقرر کردیے،دوسری طرف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور علاقہ پولیس نے نام نہاد بلڈرز کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔

لیاقت آباد ( بی-ون) ایریا میں میمن اسٹیٹ ایجنسی نے غیر قانونی تعمیرات میں سب کو مات دے دی،120گز کے پلاٹ پر چوتھی منزل کی تعمیرات جاری ہیں، درجنوں مزدور ایک ہی پلاٹ پر لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف انسانی جانوں سے کھیلنے والے بلڈر میمن اسٹیٹ ایجنسی نے غیر قانونی تعمیرات کے ذریعہ پورشن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

مذکورہ بلڈرنے اس علاقے میں مختلف پلاٹوں پر درجنوں غیر قانونی عمارتیں تعمیر کرنا شروع کر دی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے افسران نے ہر عمارت کی ہر منزل کی تعمیر کے علیحدہ علیحدہ رشوت کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔

دوسری منزل کے بعد تیسری منزل کے 5 لاکھ روپے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ تیسری کے بعد چوتھی منزل کے 10 تا 15 لاکھ روپے اور بعض اوقات اچھی لوکیشن پر 20 تا 25 لاکھ بھی وصولی ہو جاتی ہے ، لیاقت آباد میں تیزی سے پورشنز تعمیر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:لاک ڈاؤن میں غیر قانونی تعمیرات کیلئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کھلی اجازت

پورے لیاقت آباد میں 15 ہزار سے زائد کثیر المنزلہ عمارتیں موجود ہیں، لیاقت آباد ٹاون میں گلبہار ، ناظم آباد، لیاقت آباد، شریف آباد سمیت کئی علاقے شامل ہیں  جہاں 60 تا 120 گز پر 4 تا 7 منزلہ عمارتیں ایس بی سی اے ، اور حکومت سندھ کو منہ چڑا رہی ہیں، یہ عمارتیں کسی بھی وقت زمین بوس ہونے خدشات ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایسی عمارتوں کی فہرست طلب کر رکھی ہے مگر ایس بی سی اے افسران اس فہرست کی تیاری میں بھی بھاری رشوت وصول کر رہے ہیں، افسران خود پیدل علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اور دو منزل سے زائد عمارت کے مالکان یا رہائشیوں کو بلا کر کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے یہ عمارت توڑ دیں گے ، رہائشی منت سماجت کرتے ہیں تو افسران ہر منزل کے 2 لاکھ روپے طلب کر رہے ہیں۔

Related Posts